کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے لیے بلوچستان حکومت کے سخت فیصلے

کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت قومی کفایت شعاری اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت بلوچستان نے سرکاری وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال کے لیے سخت فیصلے کیے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر متعلقہ افراد کے زیر استعمال سرکاری گاڑیاں فوری طور پر واپس لی جائیں گی۔ اس میں سابق گورنرز، وزرائے اعلیٰ، وزراء، اراکین اسمبلی، افسران اور دیگر غیر متعلقہ اہلکار شامل ہیں۔

فیصلے کے مطابق:

تمام سرکاری گاڑیوں کا آڈٹ کیا جائے گا اور ایندھن صرف تصدیق شدہ گاڑیوں کو جاری ہوگا۔
2005 سے پرانی سرکاری گاڑیوں کی مرحلہ وار نیلامی اور ریشنلائزیشن کی منظوری دی گئی۔
دفتری اوقات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی ہوگی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سرکاری گاڑیوں میں ٹریکرز نصب کیے جائیں گے، بیرون صوبہ لے جانے پر پابندی ہوگی اور نقل و حرکت کی سخت نگرانی کی جائے گی۔
اندرون شہر سرکاری گاڑیوں کی نقل و حرکت سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی وسائل کے ضیاع کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں