سانحہ گیاری سیکٹر کے شہداء کی لازوال قربانی کی 14 ویں برسی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) آج گیاری سیکٹر کے سانحے کے شہداء کی لازوال قربانی کی 14 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔سیاچن کا محاذ دنیا کا بلند ترین میدانِ جنگ سمجھا جاتا ہے، جہاں دشمن کے ساتھ ساتھ سخت ترین موسمی حالات بھی پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے لیے کڑی آزمائش ہوتے ہیں۔

اسی محاذ پر 7 اپریل 2012 کو ایک دلخراش حادثہ پیش آیا، جب برفانی تودہ گرنے سے وطن کے دفاع پر مامور پاک فوج کے متعدد جوان اس کی زد میں آ گئے۔ اس المناک سانحے میں پاکستان آرمی کے ایک بٹالین ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر برف تلے دبایا گیا، اور 129 بہادر فوجیوں نے وطن عزیز کی حرمت کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔

حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ غیر ملکی ریسکیو ٹیموں نے بھی اس مشکل مشن کو ناممکن قرار دیا، تاہم حب الوطنی کے جذبے سے سرشار پاک فوج کے انجینئرز کور نے انتھک محنت اور بہادری کے ساتھ ریسکیو آپریشن مکمل کیا۔

سانحہ گیاری کے شہداء کی یاد میں سیاچن کے محاذ پر یادگار شہداء بھی تعمیر کی گئی ہے، جو ان کی قربانیوں کا دائمی ثبوت ہے۔

آج پوری قوم شہدائے گیاری سیکٹر کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، اور ان کی عظیم قربانی پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں