لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) پنجاب بھر میں توانائی کی بچت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے نئے اوقاتِ کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔ اسی طرح میرج ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل تقریباتی مقامات بھی رات 10 بجے کے بعد بند رکھنا لازم ہوگا۔
حکام کے مطابق نجی پراپرٹیز اور گھروں میں شادی بیاہ کی تقریبات بھی رات 10 بجے کے بعد منعقد کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
تاہم نوٹیفکیشن کے تحت میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپ، تندور، بیکریاں، ملک شاپس اور فارمیسیز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔


