سکھر ڈویژن میں پاکستان پیپلز پارٹی کا عوامی جلسہ، جے یو آئی کے رہنما بھی شامل

سکھر(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سکھر ڈویژن کے صدر، صوبائی وزیر سندھ اور ایم پی اے جام اکرام اللہ خان دھاریجو نے پنوعاقل کے علاقے ملا علی میں منعقدہ عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا۔

انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی منشور کے مطابق بلا امتیاز عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

جلسے کے دوران ایک اہم سیاسی پیش رفت بھی دیکھنے میں آئی، جہاں مہیسر برادری کے معزز رہنما ریاض خان مہیسر سمیت جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے یو سی ملاعلی کے رہنما سردار ریاض خان مہیسر، سردار شفیق خان مہیسر اور سید لونگ شاہ نے جے یو آئی کو خیرباد کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

اس موقع پر جام اکرام اللہ خان دھاریجو نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا اور عزم ظاہر کیا کہ پارٹی مزید مضبوط ہو کر عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔

یہ شمولیت پارٹی کی سیاسی مضبوطی اور عوامی خدمت کے سلسلے میں ایک اہم قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں