کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنان نے صدر کے فوارہ چوک کے قریب احتجاج کیا۔
احتجاج کے دوران کارکنان نے پولیس پر پتھراؤ کیا، جس کے جواب میں پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ اس تصادم کے دوران کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس کی کارروائی کے بعد پی ٹی آئی کے مظاہرین منتشر ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، احتجاج بغیر اجازت کیا گیا اور کارکنان کی جانب سے ریاست کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہروز علی نے بتایا کہ پولیس نے 15 سے زائد افراد کو حراست میں لیا اور ملزمان کے خلاف پولیس پر حملے اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ آئندہ بھی غیر قانونی احتجاج اور پولیس پر حملے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


