کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہرِ کراچی میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے نہ صرف عام زندگی کو متاثر کیا ہے بلکہ تعلیمی شعبے پر بھی اس کے منفی اثرات واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔ شہر کے پرائیویٹ اسکولوں میں نئے داخلوں کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس سے والدین شدید پریشان ہیں۔
والدین کا کہنا ہے کہ اسکول فیسیں، داخلہ چارجز اور دیگر تعلیمی اخراجات ان کی پہنچ سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ روزمرہ کے بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ اس صورتحال میں بچوں کو مہنگے پرائیویٹ اسکولوں میں داخل کروانا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
کئی خاندانوں نے مجبوراً اپنے بچوں کے داخلے روک دیے ہیں جبکہ بعض والدین سرکاری اسکولوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے وقت میں تعلیم کا معیار اور رسائی دونوں متاثر ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب، شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں پر کنٹرول کیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ ہر بچہ تعلیم حاصل کرنے کے قابل ہو سکے۔


