اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) جنرل سید عاصم منیر نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایران اور امریکا کے اعلیٰ حکام سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ رائٹرز کے مطابق پاکستان کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق ایک جامع منصوبہ دونوں ممالک کو موصول ہو چکا ہے۔
رائٹرز کا دعویٰ ہے کہ مجوزہ جنگ بندی معاہدے کو ’’اسلام آباد معاہدہ‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جس کا مقصد خطے میں فوری طور پر کشیدگی میں کمی اور امن کی بحالی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کے اس منصوبے پر آج ہی اتفاق رائے کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر فریقین کے درمیان اتفاق ہو جاتا ہے تو فوری جنگ بندی نافذ کر دی جائے گی، جبکہ عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم آبنائے ہرمز کو بھی دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پسِ پردہ فعال سفارت کاری کے ذریعے خطے میں استحکام لانے کی کوشش کر رہا ہے، اور موجودہ پیش رفت کو اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔


