کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) مہنگے جیٹ فیول اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیش نظر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں کے افراد کو دی جانے والی تمام رعایتیں ختم کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے طلبہ، بینکوں کے ذریعے ٹکٹ حاصل کرنے والوں، سینئر سٹیزنز، صحافیوں، ریٹائرڈ ملٹری پرسنلز اور ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اہلکاروں کو دیے جانے والے ڈسکاؤنٹس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پی آئی اے انتظامیہ نے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر موجود عملے کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرلائن نے تمام اقسام کی چھوٹ عارضی طور پر ختم کر دی ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت تک نافذ العمل رہے گا جب تک ایندھن کی قیمتیں معمول پر نہیں آ جاتیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگے جیٹ فیول کے باعث پی آئی اے کو اخراجات میں شدید دباؤ کا سامنا ہے، جس کے سبب مالی بوجھ کم کرنے کے لیے یہ مشکل مگر ناگزیر فیصلہ کرنا پڑا۔
اس فیصلے کے بعد مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مسافروں میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہوتے ہی رعایتوں کی بحالی پر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے۔


