کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) موٹر سائیکل خریداروں کے لیے ایک اور بڑا جھٹکا سامنے آ گیا ہے۔ یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے اپنی مختلف موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے 3 اپریل کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرول اور خام مال کی قیمتوں میں اضافے کے باعث موجودہ نرخ برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے قیمتیں مستحکم رکھنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے پیشِ نظر قیمتوں میں ردوبدل ناگزیر ہو گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے فیصلے کے تحت:
70 سی سی اور 100 سی سی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 3,000 روپے اضافہ
125 سی سی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 5,000 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق 11 اپریل 2026 سے ہوگا اور یہ تمام نئی بکنگز پر لاگو ہوں گی۔
موٹر سائیکل ڈیلرز اور صارفین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے یہ اضافہ مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا، جبکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔


