لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی جلد از جلد تکمیل کے لیے واضح ہدف مقرر کر دیا ہے اور تعمیراتی کام تین شفٹوں میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا ورچوئل دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا ڈیجیٹل ٹور لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مرکزی داخلی ہال، ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ، میموگرافی سوئٹ، سی ٹی اسکین روم سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے ریڈیالوجی تھراپی یونٹ، ٹریٹمنٹ پلاننگ روم، سیمولیٹر، سٹیٹ آف دی آرٹ سیٹنگ روم اور اے ایچ یو روم کا بھی معائنہ کیا اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں مریضوں کو عالمی معیار کے مطابق جدید اور مؤثر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتال کے ڈین، ڈائریکٹر اور دیگر اہم آسامیوں پر بہترین اور تجربہ کار پروفیشنلز تعینات کرنے کا حکم دیا۔ انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا کہ این ایس آئی سی ٹی اینڈ آر کے لیے 219 آسامیوں کا اشتہار دیا جا چکا ہے، جن میں سے 32 امیدواروں کا انتخاب مکمل ہو گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ادارے میں مجموعی طور پر 415 آسامیوں کی منظوری دے دی گئی ہے، جن کے لیے اگلے ہفتے اشتہار جاری کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب میں کینسر کے مریضوں کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا اور حکومت اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی۔


