اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے سوشل میڈیا پر سرگرم جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کر دی، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرکاری ذرائع سے منسوب کیے جانے والے ایسے بیانات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور وزارتِ خارجہ کی جانب سے اس نوعیت کی کوئی معلومات جاری نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو وزارت خارجہ میں ہونے والی بریفنگ کو بھی غلط انداز میں پیش کیا گیا، جس میں غیر متعلق معاملات شامل کر دیے گئے۔
طاہر اندرابی نے زور دیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی حساس صورتحال کے پیشِ نظر صحافت میں ذمہ داری اور محتاط سفارت کاری کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے اپیل کی کہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور صرف سرکاری بیانات اور مستند میڈیا ریڈ آؤٹس پر انحصار کریں، کیونکہ غیر مصدقہ خبریں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان، امریکا اور ایران کے تعلقات اور خطے میں جاری صورتحال پر عوامی اور میڈیا میں غیر مصدقہ رپورٹس کی بھرمار ہے، جس پر دفترِ خارجہ نے واضح موقف اختیار کیا ہے کہ کسی بھی ثالثی یا مذاکراتی عمل کی اطلاع سرکاری ذرائع سے جاری کی جائے گی۔


