آئل ٹینکر مالکان کی ہڑتال کا اعلان، ملک بھر میں پیٹرولیم سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)آل پاکستان آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن نے مطالبات منظور نہ ہونے پر ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جب تک آئل ٹینکرز کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جاتا، ٹینکر سڑکوں پر نہیں لائے جائیں گے۔

ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد موجودہ کرایوں پر کام کرنا ناممکن ہو چکا ہے اور وہ مزید نقصان برداشت نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب اور دیگر علاقوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی پر انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کل سے کوئی بھی آئل ٹینکر ڈیپو سے باہر نہیں نکلے گا۔ ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا ہے کہ اوگرا اور وزارتِ پیٹرولیم ان کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں اور ان کے جائز مطالبات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

آل پاکستان آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے سے وزیرِ پیٹرولیم کو تحریری طور پر خطوط ارسال کیے جا رہے ہیں، مگر تاحال کوئی شنوائی نہیں ہو سکی۔ ان کا مؤقف ہے کہ ہڑتال کے بغیر ان کا مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ جب تک آئل ٹینکرز کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جاتا، ہڑتال جاری رہے گی، جس کے باعث ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں