اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیرِ اعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے موجودہ مالی سال کے بجٹ اور اخراجات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد 47 کروڑ 21 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرا دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کفایت شعاری اقدامات کے تحت ارکانِ قومی اسمبلی کی تنخواہوں سے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کی کٹوتی کی گئی، جو وزیرِ اعظم کفایت شعاری فنڈ 2026ء میں جمع کروائی گئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایات پر اسمبلی سیکریٹریٹ میں ہر سطح پر کفایت شعاری اقدامات نافذ کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں مزید غیر ضروری اخراجات میں کمی کر کے قومی خزانے میں اضافی رقوم جمع کروانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے فیول اور توانائی کی بچت کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 75 فیصد سرکاری گاڑیاں استعمال سے روک دی ہیں، جس سے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
سیکریٹریٹ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد مجموعی طور پر 2 ارب روپے تک بچت کرنا اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ حکومتی حلقوں نے ان اقدامات کو کفایت شعاری مہم کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔


