اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظیفے میں 5 ہزار روپے کا بڑا اضافہ کردیا گیا، جس سے 1 کروڑ سے زائد خاندانوں کو ریلیف ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے سہ ماہی وظیفے میں 5,000 روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد ملک بھر کے کم آمدنی والے طبقے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بچانا اور مالی مدد فراہم کرنا ہے۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ بی آئی ایس پی کفالت کا سہ ماہی وظیفہ 14,500 روپے سے بڑھا کر 19,500 روپے کر دیا گیا ہے، اضافے کا اطلاق جنوری 2027 سے ہوگا، جس کے بعد تمام رجسٹرڈ مستحقین کو بڑھی ہوئی رقم منتقل کی جائے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق اس فیصلے سے ملک بھر کے تقریباً 10.2 ملین (ایک کروڑ دو لاکھ) رجسٹرڈ خاندان مستفید ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اضافے کا مقصد سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانا اور معاشرے کے سب سے کمزور طبقات کو ٹھوس مالی امداد فراہم کرنا ہے۔
سال 2008 میں شروع ہونے والا بینظیر کفالت پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کیش ٹرانسفر پروگرام بن چکا ہے،
حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ اضافہ حالیہ معاشی حالات میں غریب خاندانوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مددگار رہے گا۔


