کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں، تعاون کریں اور بارش میں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ترجمان کے مطابق متوقع مزید بارش کے پیشِ نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تمام افسران و عملہ فیلڈ میں شفٹوں میں موجود رہیں گے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے اضلاع میں شکایتی کیمپ بھی لگا دیے گئے ہیں جبکہ کچرے سے متعلق شکایات کے لیے 1128 پر چوبیس گھنٹے شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق شہر کے تمام اہم شاہراہوں پر عملہ متحرک ہے اور برساتی نالوں کے ہول کھولنے کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کا پانی بروقت نکالنے کا عمل بھی جاری ہے۔ طارق علی نظامانی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے پانی کی نکاسی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بلدیاتی اداروں اور واٹر بورڈ کے عملے کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن رکھیں تاکہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی غفلت نہ ہو۔
شہریوں سے التماس کیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران کسی بھی نقصان سے بچاؤ کے لیے تمام حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔


