کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رینجرز سندھ نے کہا ہے کہ شہر میں موسلا دھار بارشوں کے پیشِ نظر عوام کی حفاظت اور بروقت ریسکیو کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہیں گے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط انتظامات کیے جا چکے ہیں اور نشیبی علاقوں میں نگرانی اور فوری ریسپانس ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بارش اور ممکنہ اربن فلڈنگ کے دوران ریسکیو اور معاونت کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور کوآرڈینیشن بھی جاری ہے۔ حساس مقامات پر سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ میں تعاون بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں، برقی آلات اور کھلے تاروں سے دور رہیں اور ہنگامی صورتِ حال میں قریبی ہیلپ لائن یا سیکیورٹی اہلکار سے فوری رابطہ کریں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ افواہوں سے بچیں اور صرف مستند معلومات پر اعتماد کریں۔
رینجرز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان رینجرز سندھ عوام کی حفاظت اور خدمت کے لیے ہمیشہ کی طرح ہر وقت تیار ہے۔


