کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سوئی ناردرن گیس کمپنی نے کھانا پکانے کے اوقات میں بھی غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ کا آغاز کر دیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر لاہور میں گیس بحران کے مزید سنگین ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سسٹم میں گیس کی شدید قلت کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے، اور اب کھانا پکانے کے اوقات میں بھی گیس کی فراہمی معطل کی جا رہی ہے۔ کمپنی کی جانب سے دن میں تین بار کھانا پکانے کے لیے گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق گیس فراہمی کا شیڈول صبح ساڑھے پانچ بجے سے نو بجے تک، دوپہر بارہ سے دو بجے تک اور شام ساڑھے پانچ سے نو بجے تک مقرر ہے، تاہم اس شیڈول کے باوجود گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس میسر نہیں آ رہی۔
شہریوں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر قلت برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔


