اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس کی سوسائٹی تاج ریزیڈنشیا کے خلاف متاثرین نے شدید احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ سوسائٹی کے پاس نہ تو این او سی موجود ہے اور نہ ہی زمین، اس کے باوجود عوام سے رقوم وصول کی گئیں۔
متاثرین کے مطابق وہ گزشتہ پانچ سال سے ادائیگیاں کرتے رہے ہیں، تاہم تاحال انہیں پلاٹس فراہم نہیں کیے گئے۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر پلاٹس فراہم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور سردار تنویر الیاس کو چین سے نہیں بیٹھنے دیا جائے گا۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے بلیو ایریا میں واقع سردار پلازہ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی عملے نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔ اس پر متاثرین نے سردار پلازہ کے مرکزی دروازے پر دھرنا دے دیا۔
احتجاجی دھرنے میں خواتین متاثرین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی، جنہوں نے فوری انصاف اور رقوم یا پلاٹس کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رکھا جائے گا۔


