کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اینٹی کرپشن نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے۔
کارروائی کے دوران نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ متعدد غیر قانونی پورشنز کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کو سیل اور مسمار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ پورشن مافیا کے سہولت کار افسران کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ملوث بلڈرز اور سرکاری اہلکاروں کی گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔
حکام کے مطابق شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔


