کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ حکومت نے جدید ٹرانسپورٹ اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ای وی (الیکٹرک وہیکل) ٹیکسی پروجیکٹ کے اہم معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اس معاہدے پر سندھ بینک، سندھ ڈویلپمنٹ فنڈ (SDF) اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ساتھ دستخط کیے۔ معاہدے کا مقصد صوبے میں ماحول دوست اور جدید ٹرانسپورٹ کے نظام کو فروغ دینا ہے۔
اس منصوبے کے تحت سندھ میں ای وی ٹیکسی سروس متعارف کرائی جائے گی، جس سے شہریوں کو محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اس پروجیکٹ سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین کے لیے۔


