وزیراعلیٰ سندھ کا گل پلازہ متاثرین کے معاوضے اور ازسرنو تعمیر پر اجلاس

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت گل پلازہ آتشزدگی متاثرین کے معاوضے کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 85 کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے مطابق فی کس ایک کروڑ روپے ادا کیے جائیں گے۔

ابتک 72 میں سے 61 متاثرہ خاندانوں کو گھروں پر چیک کے ذریعے معاوضہ فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی کیسز کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ کچھ کیسز نادرا اور بین الصوبائی تحقیقات کے مراحل میں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ تصدیقی عمل کو تیز کیا جائے۔

متاثرہ تاجروں کے لیے 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت فی دکاندار 5 لاکھ روپے امداد فراہم کی جائے گی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق 843 دکانداروں کو کے سی سی آئی کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے، تاہم دکانوں کی تعداد میں فرق 1184 سے بڑھ کر 1209 ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حتمی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت دی اور ایک فرد کے زیر ملکیت متعدد دکانوں کے معاملے پر واضح پالیسی مقرر کر دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ تمام مستحقین کو شفاف اور بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے، نادرا سے رابطے تیز کیے جائیں اور زیر التوا شناختی دستاویزات فوری مکمل کی جائیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو گل پلازہ کی ازسرنو تعمیر کا تفصیلی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں