تہران(ایچ آراین ڈبلیو)ایران میں جنگ کے جلد خاتمے سے متعلق خبروں کے اثرات عالمی منڈیوں میں ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل کی قیمت 118 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 104 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 102 ڈالر فی بیرل پر مستحکم دیکھی جا رہی ہے۔
توانائی کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ امریکا کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ امریکی مارکیٹ میں ڈاؤ انڈیکس میں ڈھائی فیصد اضافہ ہوا، ایس اینڈ پی 500 میں 2.91 فیصد جبکہ نیسڈیک میں 3.83 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ماہرین کے مطابق ایران سے متعلق کشیدگی میں کمی کی توقعات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا ہے، جس کے باعث امریکا سمیت عالمی مالیاتی منڈیوں میں مثبت رجحان سامنے آ رہا ہے۔ اگر صورتحال میں مزید بہتری آتی ہے تو توانائی اور اسٹاک مارکیٹوں میں استحکام کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔


