بھارت کے اسٹریٹجک ایئرپورٹس کی اچانک بندش، خطے میں کشیدگی میں اضافہ

انڈیا(ایچ آراین ڈبلیو)بھارت کے دو اسٹریٹجک ایئرپورٹس، جودھپور ایئر بیس اور سرینگر ایئرپورٹ کو ہر قسم کی سویلین پروازوں کے لیے اچانک بند کر دیا گیا ہے، جس کے بعد خطے میں ہائی الرٹ کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جودھپور ایئر بیس کو بھارتی فضائیہ کا ایک انتہائی اہم اسٹریٹجک مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں سے مغربی سرحد، خصوصاً پاکستان کی جانب فضائی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاتی ہے۔ ایئرپورٹ کی بندش کو لڑاکا طیاروں کی غیر معمولی نقل و حرکت سے جوڑا جا رہا ہے، جو کسی ممکنہ فوجی تیاری کی جانب اشارہ تصور کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں واقع سرینگر ایئرپورٹ کی بندش نے بھی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ دفاعی مبصرین کے مطابق اس اقدام سے فالس فلیگ آپریشن کے خدشات کو تقویت مل رہی ہے، جن کے حوالے سے گزشتہ روز بھی الرٹ جاری کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بٹل سیکٹر میں بھارتی ڈرون گرائے جانے کے واقعے کے فوراً بعد ان ایئرپورٹس کی بندش اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ بھارت کسی بڑی فوجی مہم جوئی کی منصوبہ بندی کر سکتا ہے۔ تاہم بھارتی حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ حالات پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں