راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)گزشتہ روزصوبہ خیبر پختونخواہ میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز کے دوران ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں گھیرے میں لے لیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
ایک اور کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 3 خوارج کو مؤثر طریقے سے بے اثر کر دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن “عظیم استحکم” کے تحت، جسے نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی سپریم کمیٹی کی منظوری حاصل ہے، انسداد دہشت گردی کی مسلسل مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہندوستانی سپانسر شدہ خارجی کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسیاں ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوت اور عزم کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔


