بیرسٹرسلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی سے ہدایات لینےکےلیےمہلت کی استدعا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی سے متعلق درخواستوں پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔

کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر، نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ سزا معطلی کی درخواستوں کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق دو متفرق درخواستیں دائر کی گئی ہیں، اور اپیلوں پر نوٹس کے بغیر سزا معطلی کی درخواستیں نہیں سنی جا سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب قانون میں ترمیم کے بعد اپیلوں پر نوٹس کے بغیر سزا معطلی ممکن نہیں، اگر فریق اپیلوں پر دلائل دینا چاہتا ہے تو آج سے ہی آغاز کرے۔

اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جنوری 2025 میں سزائیں سنائی گئیں اور تقریباً 14 ماہ گزر چکے ہیں، اس دوران پراسیکیوشن کی جانب سے بار بار التواء مانگا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی ٹرائل کے دوران ضمانت پر تھیں اور میڈیکل گراؤنڈ بھی موجود ہے، جبکہ سائفر کیس کی اپیل میں دلائل مکمل کرنے میں تین ماہ لگے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت مرکزی اپیل پر نہیں بلکہ سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواستوں پر سماعت کی جا رہی ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ آج سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر ہی نہیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ اگر ہفتے میں دو دن دیے جائیں تو کیا دلائل دیے جا سکتے ہیں؟ اس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ گزشتہ پانچ ماہ سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں ہو سکی، جس کے باعث اپیلوں پر دلائل کے لیے ہدایات بھی حاصل نہیں کی جا سکیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ ہدایات لے لیں، عدالت تاریخ دے دیتی ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اس کیس میں دلائل کے لیے مزید وقت درکار ہو سکتا ہے اور پہلے سزا معطلی کی درخواستوں کو سنا جانا چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ نیب مقدمات میں خواتین کو عموماً 15، 15 دن میں ضمانت مل جاتی ہے۔

عدالت نے نیب کی جانب سے دیے گئے آپشن کو بہتر قرار دیتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر کو ہفتے میں دو دن لینے کی تجویز دی، جس پر انہوں نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات لینے کے لیے مہلت کی استدعا کر دی۔ عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں