عمران خان سے متعلق مقدمے میں اسلام آباد پولیس کا انوکھا کارنامہ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں اسلام آباد پولیس کا ایک انوکھا اور حیران کن اقدام سامنے آیا ہے، جہاں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف پہلے سے باعزت بری ہونے والے مقدمے میں دوبارہ نیا چالان پیش کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے مذکورہ مقدمے میں نیا چالان عدالت میں جمع کرایا گیا، تاہم عدالت نے پہلے سے موجود بریت کے فیصلے کی بنیاد پر کیس کو داخلِ دفتر کر دیا۔

کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے کی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکلا سردار مصروف خان اور زاہد بشیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی تاریخ میں شاید یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی ملزم کو بری کیے جانے کے بعد اسی مقدمے میں دوبارہ چالان پیش کیا گیا ہو۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ اسی عدالت نے پہلے ہی بانی پی ٹی آئی کو باعزت بری کیا تھا۔

اس پر جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے ہدایت دی کہ سابقہ عدالتی حکم نامہ پیش کیا جائے تاکہ ریکارڈ کا جائزہ لیا جا سکے۔ بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے بریت کا آرڈر عدالت میں پیش کیا، جس پر عدالت نے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد نئے چالان والے مقدمے کو داخل دفتر کر دیا۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف آزادی مارچ کے تناظر میں تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں