جوڈیشل ایکٹوازم پینل کا ای چالان سسٹم کے خلاف بڑا اقدام

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) جوڈیشل ایکٹوازم پینل نے ای چالان سسٹم میں بڑے پیمانے پر خرابیاں اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پنجاب پولیس کو قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، شہری جعلی نمبر پلیٹس پر ای چالان اور بلاجواز جرمانوں کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ بغیر تصدیق کے جرمانے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

پینل نے نشاندہی کی کہ ای چالان سسٹم شہریوں کے لیے عذاب بن چکا ہے۔ کئی مقامات پر 8 ہزار روپے تک کے جرمانے عائد کیے جاتے ہیں مگر سڑکوں پر لائن مارکنگ موجود نہیں، خاص طور پر ہائی کورٹ گیٹ اور ریگل چوک پر غیر واضح لین مارکنگ پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

پینل کا کہنا ہے کہ بغیر ثبوت جرمانے ناقابل قبول ہیں اور ویڈیو و ڈیٹا فراہم کرنا ضروری ہے۔ ای چالان سسٹم کو سزا دینے کے بجائے پہلے شوکاز نوٹس کے طور پر درست کیا جائے، جبکہ نادرا اور ایکسائز سے ڈیٹا لنک نہ ہونا نظام کی ناکامی ہے۔

مزید کہا گیا کہ جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، پہلے نظام درست کریں پھر جرمانے عائد کیے جائیں۔ آئین کے آرٹیکلز 4، 9، 10 اے سمیت شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

پینل نے خبردار کیا کہ عدم عملدرآمد کی صورت میں لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور غیر قانونی ای چالانز کالعدم قرار دینے کے ساتھ ہرجانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں