کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) جناح اسپتال کی انتظامیہ نے مریضوں کی خوراک میں کفایت شعاری کے اقدام کے طور پر مٹن کو ڈائیٹ پلان سے خارج کر دیا ہے۔ اسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عدیل سموں کے حکم کے بعد مریضوں کو جمعرات اور جمعے کے روز صرف چکن اور دال فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ کئی دہائیوں سے اسپتال میں مریضوں کی رات کے کھانے میں مٹن شامل کیا جاتا رہا ہے اور ڈائیٹ پلان کے مطابق ہفتے کے چار دن رات کے کھانے میں مٹن دیا جانا ضروری تھا۔ تاہم جمعرات کے روز مٹن کی جگہ مریضوں کو دال چکن پیش کی گئی۔
جناح اسپتال کے کچن ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے حکم پر کیا گیا اور جمعرات، جمعے، ہفتے اور اتوار کے دن رات کے کھانے میں پہلے کی طرح مٹن فراہم نہیں کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد کفایت شعاری کے تحت اخراجات میں کمی لانا بتایا گیا ہے۔
مریضوں اور اہلخانہ نے انتظامیہ کے اس اقدام پر تشویش ظاہر کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مٹن دوبارہ ڈائیٹ پلان میں شامل کیا جائے تاکہ مریضوں کو معیاری اور متوازن خوراک فراہم کی جا سکے۔


