پاکستان کے قیام کے بنیادی مقاصد کو فراموش کرنا قومی زوال کا سبب بن سکتا ہے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) جمعیت علماء پاکستان کے 78ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام کے بنیادی مقاصد کو فراموش کرنا قومی زوال کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ قوم متحد ہو کر جے یو پی کے منشور پر عمل کرے اور مقامِ مصطفیٰ ﷺ کے تحفظ اور نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد کے ذریعے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔

ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مبینہ جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف عالمی امن بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج جے یو پی کا یومِ تاسیس ایک ایسے وقت میں منایا جا رہا ہے جب افغانستان کی سرحد پر جنگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں اور ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے باعث جنگ کا دائرہ ہماری دوسری سرحدوں تک پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ایسے نازک وقت میں حکمرانوں کو نہایت دانشمندی اور دور اندیشی سے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت جس سنگین صورتحال سے دوچار ہے، اس سے نکلنے کا واحد راستہ قرآن و سنت کے احکامات پر عمل ہے۔ قرآن و سنت ہمیں یہ تعلیم دیتے ہیں کہ یہود و نصاریٰ ہمارے دوست نہیں ہو سکتے، اس لیے مسلمانوں کو آپس میں اتحاد پیدا کر کے اپنے دفاع کو مضبوط بنانا ہوگا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کا اتحاد ہی موجودہ چیلنجز کا مؤثر جواب ہے اور اسی اتحاد کے ذریعے پاکستان اور عالمِ اسلام اس مشکل دور سے کامیابی کے ساتھ نکل سکتا ہے۔

یہ پیغام میڈیا سیل جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی جانب سے جاری کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں