مٹی کا تیل مہنگا، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومتِ پاکستان نے مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 4 روپے 66 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 433 روپے 40 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ قیمت میں اضافے کا اطلاق آج سے ہو گیا ہے۔

دوسری جانب پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت پیٹرول پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 95 روپے 59 پیسے فی لیٹر پی ڈی سی کی مد میں ادا کرے گی، جبکہ ڈیزل پر یہ رقم 203 روپے 88 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق قیمتوں سے متعلق یہ فیصلہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال اور مقامی معاشی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں