ارتھ آور کے موقع پر صدر آصف علی زرداری کی اپیل، ایک گھنٹے کے لیے روشنیاں بند کریں

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ارتھ آور کے موقع پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک گھنٹے کے لیے بجلی کی روشنیاں بند کریں تاکہ ماحول کے تحفظ کے لیے عملی اقدام کا پیغام دیا جا سکے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور ماحول کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب، گرمی کی لہریں اور خشک سالی بڑے چیلنجز ہیں، شہروں میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت بجلی کے نظام پر دباؤ ڈال رہا ہے جبکہ پانی کی دستیابی میں کمی اور سیلاب انفراسٹرکچر کو متاثر کر رہے ہیں۔

صدر زرداری کے مطابق ایک گھنٹے کی علامتی بندش عملی ماحولیاتی اقدامات کی ترغیب دیتی ہے اور عوام کو ماحول دوست رویہ اپنانے کی دعوت دیتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں