لاہور: آپریشن کے دوران ڈاکٹرز کی مقابلہ بازی، پنجاب حکومت کا سخت ایکشن

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لیڈی ولنگڈن اسپتال میں آپریشن کے دوران ڈاکٹرز کی مقابلہ بازی کی وائرل ویڈیو پر پنجاب حکومت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تین روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) اور ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی گئی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گائنی آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹرز نے آپریشن کے دوران ایک دوسرے سے مقابلہ بازی کی اور اس عمل کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی، جس پر عوامی اور حکومتی سطح پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پنجاب حکومت نے معاملے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ بھی معطل کر دی ہے۔ حکام کے مطابق اس واقعے کو پیشہ ورانہ اخلاقیات اور طبی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ جواب موصول ہونے کے بعد مزید محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا، جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں