اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) معروف اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی مبینہ منی لانڈرنگ کیس کے باعث ایک بار پھر قانونی پیچیدگیوں میں گھِر گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کی ایک سیشن عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی ہے، جس کے بعد ان کے خلاف جاری تحقیقات میں تیزی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ معاملہ اس سے قبل بھی سامنے آ چکا تھا، تاہم حالیہ عدالتی پیش رفت کے بعد کیس نے دوبارہ شدت اختیار کر لی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے 22 بینک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر تقریباً 25 ارب روپے جمع کرائے گئے، جنہیں بعد ازاں دبئی اور امریکا منتقل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان رقوم کے ذرائع تاحال واضح نہیں ہو سکے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک کیس کو بند کر دیا تھا، تاہم ایف آئی اے کی جانب سے دائر اپیل منظور ہونے کے بعد دوسرا کیس دوبارہ بحال کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو اب تک ان رقوم کے ماخذ سے متعلق کوئی حتمی یا تسلی بخش وضاحت موصول نہیں ہوئی، جبکہ معاملے کی تحقیقات بدستور جاری ہیں۔


