40

وفاقی حکومت کا عوام کو تیل مہنگا ہونے سے بچانے کے لیے بڑا اقدام: اوگرا کو 27 ارب روپے جاری

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اوگرا کو قیمتوں کے فرق کی ادائیگی کے لیے 27 ارب روپے جاری کر دیے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزارتِ خزانہ نے اوگرا کو اس رقم کی پہلی قسط فراہم کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باوجود مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عام آدمی پر اضافی بوجھ سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

وزارتِ خزانہ نے واضح کیا کہ اس بھاری رقم کا انتظام وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی اور سخت کفایت شعاری کے اقدامات سے کیا گیا ہے، اور بجٹ کی حدود کے اندر رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش جاری ہے۔

حکام کے مطابق حکومت مزید اقدامات پر غور کر رہی ہے تاکہ سرکاری اخراجات کم کر کے عوامی مفاد کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کی جا سکے۔ یہ 27 ارب روپے کی قسط عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے فوری اثرات کو روکنے اور معاشی استحکام قائم رکھنے کے لیے جاری کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں