کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)متوقع طوفانی بارشوں اور آندھی کے پیش نظر ایسٹ زون پولیس کو کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ یہ ہدایات ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی جانب سے جاری کی گئیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون کے مطابق محکمہ موسمیات پاکستان نے 25 تا 26 اور 28 تا 29 مارچ کے دوران کراچی میں وقفے وقفے سے طوفانی بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ایسٹ زون کے تمام ضلعی ایس ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نفری کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہیں اور صورتحال پر کڑی نظر رکھیں۔ پولیس کو بلدیاتی اداروں اور ٹریفک پولیس سمیت متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر شہریوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گھروں سے باہر موجود شہریوں کی مشکلات فوری طور پر دور کی جائیں تاکہ وہ خیرو عافیت کے ساتھ اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔
پولیس کی جانب سے شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی ہدایات پر عمل کریں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔


