37

پیپلزپارٹی کی نااہلی سے کراچی ایک بار پھر ڈوبنے کے خطرے سے دوچار ہے، رضوان نیازی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر رضوان نیازی نے 25 اور 26 مارچ کو کراچی میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر ایک بار پھر ڈوبنے کے خطرے سے دوچار ہے، جس کی بنیادی وجہ سندھ حکومت اور میئر کراچی کی ناقص کارکردگی اور بدانتظامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی بارشوں سے قبل نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہیں کیے گئے۔ کچھ روز قبل ہونے والی بارشوں نے شہری زندگی مفلوج بنا کر رکھ دی تھی اس کے باوجود نالوں کی صفائی، سیوریج سسٹم کی بہتری اور برساتی پانی کے بروقت اخراج کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نظر نہیں آتے، جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑے گا۔

رضوان نیازی نے مزید کہا کہ ماضی کی بارشوں میں کراچی کے مختلف علاقے کئی کئی دن تک زیر آب رہے، عید سے قبل ہونے والے بارشوں کا پانی تاحال مختلف علاقوں میں کھڑا ہے جس ابھی تک نہیں نکالا جاسکتا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کا قیمتی سامان تباہ ہوا اور معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے، لیکن سندھ حکومت اور سٹی گورنمنٹ نے اس سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔

انہوں نے میئر کراچی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود عملی طور پر شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔ صرف بیانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے، عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار ارب کی لاگت سے بننے والے کریم آباد انڈر پاس ایک ہی بارشوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا ناقص کام کی فوری تحقیقات کرائی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تمام بڑے اور چھوٹے نالوں کی صفائی مکمل کی جائے ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے نظام کو فعال کیا جائے نشیبی علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں شہریوں کی حفاظت کے لیے ریسکیو اداروں کو الرٹ رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں