پاک فضائیہ کے دستے نے مزارِ اقبال پر گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)یومِ پاکستان کے موقع پر پاک فضائیہ کے تمام اڈوں اور تنصیبات پر دن کو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن بھر جاری رہنے والی تقریبات کا آغاز فجر کے بعد پاکستان اور عالمِ اسلام کی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

یومِ پاکستان کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے عظیم شاعر اور مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے ستلج رینجرز سے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل محمد شاہد افضل، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ائیر مین اکیڈمی کورنگی کریک تھے، جنہوں نے چیف آف دی ائیر اسٹاف، پاک فضائیہ کے افسران، ائیر مین اور سویلین ملازمین کی جانب سے مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

یہ تقریب قومی شاعر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے افکار سے وابستگی کے عزم کی عکاس تھی، جنہوں نے پاکستان کی نظریاتی بنیادوں اور فکری سمت متعین کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یومِ پاکستان کے موقع پر اس تقریب نے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور اقبال کے پیغامِ خودی کو مزید اجاگر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں