یومِ پاکستان پر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کا پیغام، خوددار اور فلاحی پاکستان کے عزم کا اعادہ

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)یومِ پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن اُس تاریخی جدوجہد کی یاد دہانی کراتا ہے جس کے نتیجے میں مسلمانوں کو ایک آزاد وطن نصیب ہوا، جہاں وہ اپنے اصولوں اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں۔

پیغام میں کہا گیا کہ 23 مارچ تجدیدِ عہد کا دن ہے، جس پر ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک خوددار، مضبوط اور عوامی فلاح پر مبنی ریاست بنایا جائے۔ پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے مطابق ملک کی حقیقی ترقی صرف انصاف، شفافیت اور آئین کی بالادستی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ آج کے دن یہ عہد بھی کیا جاتا ہے کہ پاکستان کو کرپشن، ناانصافی اور بدحالی سے نجات دلا کر ایک خوشحال اور مستحکم ملک بنایا جائے گا۔ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر چلنے کا درس دیتا ہے، جو قومی کامیابی کی بنیاد ہیں۔

پی ٹی آئی کراچی ڈویژن نے واضح کیا کہ وہ ملک میں حقیقی جمہوریت، میرٹ اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پیغام میں عمران خان کی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کے وژن کے مطابق ایک خودمختار، باوقار اور فلاحی پاکستان کی تعمیر ہی پارٹی کا مقصد ہے۔

آخر میں کہا گیا کہ کراچی سمیت پورے پاکستان کے عوام کو ساتھ لے کر چلنا اور انہیں بااختیار بنانا پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے، اور ان شاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ایک حقیقی فلاحی ریاست بن کر ابھرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں