کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جناح ٹاؤن کے چیئرمین رضوان عبد السمیع نے میونسپل کمشنر رئیس الٰہی بخش بنبھن کے ہمراہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا تاکہ گزشتہ شب طوفانی ہواؤں اور بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔
دورے کے دوران فاطمہ جناح کالونی اور خدا داد کالونی میں گرنے والے درخت فوری ہٹا کر سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کی گئیں، جبکہ بلدیاتی عملے کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ رہنے اور فوری کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
چیئرمین نے ہدایت دی کہ نکاسیٔ آب کے چوکنگ پوائنٹس کی فوری نشاندہی کر کے انہیں ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جائے، تاکہ برساتی پانی کی بروقت نکاسی ممکن ہو سکے۔ نالوں اور ڈرین لائنز میں رکاوٹیں دور کرنے اور پمپنگ کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
رضوان عبد السمیع نے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر وقت متحرک ہیں اور ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کے ذریعے عوامی مشکلات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ بارشوں کے دوران نکاسیٔ آب کے نظام کو فعال رکھنے اور چوکنگ پوائنٹس کے مستقل خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔


