55

عیدالفطر کے موقع پر بلدیاتی سہولیات کی بہتری اور ممکنہ بارش کے پیشِ نظر انتظامات کا اجلاس

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی خصوصی ہدایات پر عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور ممکنہ بارش کے پیشِ نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت میونسپل کمشنر آغا خلیق نے کی، جس میں سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ، ایم اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و عملے نے شرکت کی۔

اجلاس میں عید کے دوران صفائی، نکاسیٔ آب، سڑکوں کی بہتری اور دیگر بلدیاتی امور کو مؤثر اور منظم بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ممکنہ بارش کی پیش گوئی کے پیشِ نظر میونسپل کمشنر نے ہدایت کی کہ ٹاؤن کے تمام علاقوں میں نالے، گٹر اور نالیوں کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ عید سے قبل خصوصی صفائی مہم چلائی جائے اور عید کے دوران بھی صفائی کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے۔ عملے کی اضافی ڈیوٹیاں مقرر کی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔

ایم اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کو ٹاؤن کی مرکزی شاہراہوں، اہم سڑکوں اور گلیوں کی صفائی اور اسٹریٹ لائٹس کی فوری مرمت اور تنصیب کی ہدایت دی گئی۔ تمام افسران کو اپنے علاقوں میں فیلڈ وزٹ کر کے جاری صفائی و ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کرنے کا بھی کہا گیا۔

میونسپل کمشنر آغا خلیق نے اجلاس میں کہا کہ ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی ہدایات ہیں کہ منگھوپیر کے عوام کو عیدالفطر کے موقع پر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر یہ عزم کیا گیا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی عوام کی سہولت اور بہتری کو اولین ترجیح دی جائے گی، اور عید کے موقع پر صفائی، نکاسیٔ آب، روشنی اور دیگر بلدیاتی انتظامات کو مکمل فعال رکھا جائے گا تاکہ شہری عید کی خوشیاں بلا کسی پریشانی کے منا سکیں۔ ساتھ ہی ممکنہ بارش یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں