ہیوی گاڑیوں سے 75 روز میں 75 شہری جاں بحق، واٹر ٹینکرز سب سے زیادہ خطرناک

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ہیوی ٹریفک کی بے لگامی نے انسانی جانوں کے ضیاع کے سنگین ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ ریسکیو حکام کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 75 دنوں میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے 75 شہری جاں بحق ہوئے، یعنی شہر میں اوسطاً روزانہ ایک شہری سڑک حادثات کا شکار ہو رہا ہے۔

رپورٹ میں یہ چونکا دینے والا انکشاف بھی شامل ہے کہ ٹریلرز اور ڈمپرز کی نسبت اب ٹریلرز سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہے ہیں، جن کی زد میں آکر سالِ نو کے آغاز سے اب تک 36 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ واٹر ٹینکرز 20 اموات کے ساتھ دوسرے بڑے قاتل کے طور پر سامنے آئے ہیں، جس کے باعث عوامی غم و غصہ شدید ہوا اور مشتعل ہجوم نے دو مختلف مقامات پر ٹینکرز کو نذرِ آتش بھی کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 2026 میں اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں 223 افراد جاں بحق اور 2,250 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں 30 خواتین اور 32 بچے بھی شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں سب سے زیادہ حادثات کا باعث بننے والے ڈمپرز سے اموات کی شرح کم ہو کر صرف 3 فیصد رہ گئی ہے، مگر ٹریلرز اور ٹینکرز کی کھلی چھوٹ نے شہر کی شاہراہوں کو شہریوں کے لیے انتہائی خطرناک بنا دیا ہے، جو انتظامیہ کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں