رحیم یارخان(ایچ آراین ڈبلیو)نواحی علاقے میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم وصول کرنے کے لیے آئی خواتین پر مارکیٹ کی چھت گر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 5 خواتین جاں بحق جبکہ 55 خواتین زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ چک نمبر 125 کے قریب ایک مارکیٹ میں پیش آیا، جہاں 200 سے زائد خواتین ایک ریٹیلر شاپ کی چھت پر موجود تھیں اور امدادی رقم کے انتظار میں تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ انتظار کے دوران اچانک کمزور چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں متعدد خواتین ملبے تلے دب گئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی خواتین کو فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت نازک ہے اور مزید امدادی اقدامات جاری ہیں۔


