لیہ میں مبینہ زیادتی کا واقعہ، مریم نواز کی ریڈ لائن پر سوالات اٹھ گئے

لیہ(ایچ آراین ڈبلیو)تحصیل چوبارہ میں ماں اور بیٹیوں کے ساتھ مبینہ زیادتی اور بدسلوکی کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے پنجاب بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

متاثرہ خاندان کے مطابق وراثتی 110 کنال زمین کا مقدمہ عدالت اور وزیراعلیٰ پنجاب کمپلینٹ سیل کی مدد سے جیتنے کے بعد مخالف رشتہ دار مشتعل ہو گئے۔ الزام ہے کہ اسی پس منظر میں مقامی پولیس نے رات گئے چار دیواری پھلانگ کر گھر میں داخل ہو کر ماں اور بیٹیوں کو مبینہ طور پر حراساں کیا۔

خاندان کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے دوران لیڈی پولیس کو ساتھ نہیں رکھا گیا اور متاثرہ خواتین کو تھانے لے جانے کے بجائے تھانیدار کے کوارٹر منتقل کیا گیا۔ وہاں ان سے سخت اور نامناسب سوالات کیے گئے اور مبینہ طور پر ایک بیٹی کو ایک ٹانگ پر کھڑا رہنے کا حکم دیا گیا، جس پر وہ کافی دیر تک ایک ٹانگ پر کھڑی رہی۔

واقعے کے بعد یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ مریم نواز کی جانب سے دی گئی ہدایات اور خواتین کے احترام سے متعلق ’’ریڈ لائن‘‘ پر عملدرآمد کیوں نہ ہو سکا۔

متاثرہ خاندان انصاف کا مطالبہ کر رہا ہے، جبکہ اب دیکھنا یہ ہے کہ متعلقہ پولیس اہلکاروں اور ذمہ دار افراد کے خلاف کیا کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ حکام کی جانب سے تاحال اس معاملے پر باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں