کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹرI 11-یوپی موڑ پر پیور بلاک کے ذریعے تعمیر ہونے والی سڑک کا افتتاح کردیا۔ سڑک کی تعمیرمکمل ہونےکےبعد اسے باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین و وائس چیئرمین، ٹاؤن افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پرچیئرمین نیوکراچی ٹاؤن محمد یوسف نےکہا کہ نیوکراچی ٹاؤن میں تعمیروترقی کاعمل مسلسل جاری ہےاورعوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نےکہا کہ جس سڑک کاآج افتتاح کیا گیا ہےوہ ایک اہم اورمرکزی شاہراہ ہے جہاں سے روزانہ بڑی تعداد میں شہریوں کا گزر ہوتا ہے، تاہم طویل عرصے سے اس کی حالت خستہ تھی جس کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی وسائل میسر آئے، فوری طور پر اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا اور جدید طرز پر پیور بلاکس کےذریعےاسےپائیداربنیادوں پرمکمل کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش صرف سڑکیں بنانےتک محدود نہیں بلکہ ان کےمعیار، مضبوطی اوردیرپاہونے کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو طویل عرصے تک بہتر سہولت میسر آ سکے۔محمد یوسف نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ سیوریج اور پانی کے مسائل کو بھی پیشگی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی دشواری پیدا نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں اب تک 24 پارکس کو ازسرِنو تیار کر کے ان کی تزئین و آرائش کے بعد عوام کے حوالے کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیاتی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنا کر نیو کراچی ٹاؤن کو ایک مثالی اور ماڈل ٹاؤن بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
50


