49

توانائی بحران کے پیش نظر سندھ حکومت کا سرکاری دفاتر میں اے سی کے وقت مقرر کرنے کا فیصلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ حکومت نے ملک میں جاری توانائی بحران کے پیش نظر سرکاری دفاتر میں اے سی چلانے کا وقت محدود کر دیا ہے۔ چیف سیکریٹری آفس کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق شام 4 بجے کے بعد تمام سرکاری دفاتر میں اے سی بند کر دیے جائیں گے۔

اس اقدام کا مقصد بجلی کی بچت اور توانائی کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنا بتایا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات اور کفایت شعاری کی مہم شروع کی ہے، جن میں درج ذیل اہم فیصلے شامل ہیں:

سندھ میں 4 روزہ ورک ویک کا اعلان، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول کوٹے میں 50 فیصد کمی، غیر ضروری گاڑیاں فوری طور پر گراؤنڈ کی جائیں گی۔

کفایت شعاری مہم کے تحت صوبائی وزراء اور مشیروں نے تین ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا رضاکارانہ فیصلہ کیا۔

اعلیٰ سرکاری افسران کی دو دن کی تنخواہ بھی رضاکارانہ طور پر کاٹی جائے گی۔

سرکاری محکموں میں نئی گاڑیوں اور قیمتی اشیاء کی خریداری پر جون 2026 تک مکمل پابندی عائد۔

سرکاری وفود کے بیرون ملک دوروں پر پابندی، وزراء اور افسران صرف اکانومی کلاس میں سفر کریں گے۔

سندھ بھر کے اسکولوں میں 16 سے 31 مارچ تک موسمِ بہار کی تعطیلات کا اعلان۔

کالجز اور یونیورسٹیز میں 100 فیصد آن لائن کلاسز لینے کی ہدایت، امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

سرکاری دفاتر میں 50 فیصد عملے کو ورک فرام ہوم کی اجازت دی گئی۔

شادی کی تقریبات میں نئی حد مقرر، مہمانوں کی تعداد 200 تک محدود، اور صرف ایک ڈش کی اجازت ہوگی۔

موٹر ویز اور ہائی ویز پر گاڑیوں کی رفتار کم کرنے کی ہدایت، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

سرکاری سطح پر افطار پارٹیوں اور ڈنر پر پابندی، اجلاس صرف ویڈیو لنک کے ذریعے ہوں گے۔

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ملک میں جاری توانائی بحران کے پیش نظر ضروری ہیں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا تاکہ بجلی کی بچت کے ساتھ عوامی سہولتیں بھی متاثر نہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں