کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)یوتھ انٹیلیجنسیا (Youth Inteligentsia) سرسید یونیورسٹی چیپٹر نے ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ (HHRD) اور سعد خان فاؤنڈیشن کے تعاون سے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں مال آف ہیومینٹی (Mall of Humanity) کا انعقاد کیا، جہاں یونیورسٹی کے گریڈ 1 سے 5 کے ملازمین نے مفت خریداری کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ یہ پروگرام انسانی خدمت اور معاشرتی یکجہتی کی بہترین مثال قرار دیا گیا۔
سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ رمضان المبارک نہ صرف روحانی تربیت بلکہ معاشرتی ذمہ داریوں کا بھی مہینہ ہے۔ ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہماری دینی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ہمیں بہتر انسان بھی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں استطاعت کے مطابق مدد فراہم کرنا اور ضرورت مندوں کو خوشیوں سے مستفید کرنا نیک اعمال کا سبب بنتا ہے۔
ذاکر علی خان فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن مسز ارم اکبر علی خان نے کہا کہ رمضان ہمیں انسانی خدمت، قربانی اور ایک دوسرے کا کام آنے کا درس دیتا ہے۔ اس طرح کی تقریبات مختلف پس منظر کے افراد کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے اکٹھا کرتی ہیں اور معاشرتی ہم آہنگی و یکجہتی کے جذبات کو فروغ دیتی ہیں، جو رمضان کی حقیقی روح کی عکاسی ہے۔
شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرپرسن ڈاکٹر انجینئر محمد کاشف شیخ نے کہا کہ رمضان کی اہمیت صرف روزہ اور کھانے پینے سے پرہیز میں نہیں بلکہ ہمدردی، افہام و تفہیم اور کمیونٹی میں یکجہتی کے جذبات کو فروغ دینے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل مقصد حیات دوسروں کے کام آنا اور ان کے دکھ درد بانٹنا ہے۔
ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز حسن ذکی نے بتایا کہ ‘مال آف ہیومینٹی’ کا مقصد سرسید یونیورسٹی کے مستحق ملازمین کو باوقار انداز میں ضروری ساز و سامان فراہم کرنا تھا تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اس پروگرام کے تحت ملازمین کو کپڑے، گروسری اور دیگر گھریلو اشیاء مفت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
یہ پروگرام نہ صرف ضرورت مند ملازمین کی مدد کا ذریعہ بنا بلکہ انسانی خدمت اور کمیونٹی میں یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔


