کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ کابینہ نے اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے، جن میں حسن سلیمان میموریل اسپتال کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپتال کے لیے 7.6 ملین ڈالر (2 ارب 14 کروڑ روپے) کی اضافی فنڈنگ دی گئی ہے، جس کی وجہ تعمیراتی لاگت میں 30 فیصد اضافہ اور اراضی میں توسیع ہے۔ 312 بستروں پر مشتمل یہ جدید اسپتال نیشنل ہائی وے پر شہریوں کو طبی سہولیات فراہم کرے گا۔
کابینہ نے اسپیشل اکنامک زونز سے متعلق مجوزہ ترامیم پر غور کیا اور ’ایگزیکٹو زونز‘ اور ’ایگزیکٹو این او سی‘ کے قیام کی مخالفت کر دی، کیونکہ یہ صوبائی اختیارات کو نظر انداز کرتے ہیں۔ تاہم، کابینہ نے اسپیشل اکنامک زونز اپیلیٹ ٹریبونل قائم کرنے کی حمایت کی، جو تین ماہ میں مقدمات کے فیصلے کرے گا، تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد اور قانونی یقین دہانی برقرار رہے۔
اس کے علاوہ، کابینہ نے سندھ ویمن ایگریکلچرل ورکرز رولز 2026 کی منظوری دی، جس کے تحت خواتین زرعی محنت کشوں کو مساوی اجرت، زچگی کی سہولیات اور ہراسانی و امتیاز سے تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ بینظیر ویمن ایگریکلچرل ورکرز کارڈ جاری کرنے اور خواتین محنت کشوں کی فلاح کے لیے 50 کروڑ روپے کا انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات لیبر کورٹس میں چلائے جائیں گے۔
مزید برآں، کابینہ نے ای او بی آئی بورڈ آف ٹرسٹیز کی ازسرنو تشکیل کی توثیق کی اور سندھ کی نمائندگی کے لیے سیکریٹری لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کو نامزد کیا۔ نئے بورڈ کی مدت دو سال ہوگی۔


