53

نارتھ ناظم آباد میں غیر قانونی پورشنز کی تعمیر، متعلقہ اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان

**کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)** شہرِ قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک D میں پورشن مافیا ایک بار پھر سرگرم ہو گئی ہے۔ پلاٹ نمبر A-345 پر مبینہ طور پر تمام قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ رہائشی مکان کو کمرشل انداز میں تبدیل کرتے ہوئے انتہائی مختصر وقت میں متعدد پورشنز تیار کر لیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، بلڈنگ انسپکٹر اور متعلقہ افسران کی مبینہ ملی بھگت کی بدولت یہ تعمیرات اتنی برق رفتاری سے مکمل کی جا رہی ہیں کہ چند ہی دنوں میں پورشنز کے ڈھانچے کھڑے کر دیے گئے ہیں۔ مقامی افراد کا الزام ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے بعض افسران “عیدی” کی وصولی میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کو اس صورتحال سے دانستہ طور پر لاعلم رکھا جا رہا ہے۔

علاقہ مکینوں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زیرِ تعمیر عمارت کو سبز جالی سے ڈھانپ کر دن رات کام جاری رکھا گیا ہے تاکہ عوامی نظروں سے بچا جا سکے۔ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بغیر کسی نقشے اور پلیننگ کے بننے والے یہ پورشنز مستقبل میں کسی بڑے جانی و مالی حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، جبکہ علاقے میں پہلے سے موجود سیوریج اور بجلی کے نظام پر بھی بوجھ بڑھ رہا ہے۔

نارتھ ناظم آباد کے رہائشیوں نے ڈپٹی کمشنر وسطی اور ڈی جی ایس بی سی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی منصوبے کا فوری نوٹس لیا جائے، تعمیراتی کام رکوایا جائے اور ملوث بلڈرز سمیت سہولت کار افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ رہائشی علاقوں کا سکون برباد ہونے سے بچایا جا سکے۔

**آزاد صحافت کی حمایت کریں:** ہم HRNW میں آپ تک حقائق پہنچانے اور سچائی کو بے نقاب کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہماری اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں اور معیاری صحافت کے تسلسل کے لیے ہمیں سپورٹ کریں۔ آج ہی وزٹ کریں: [hrnw.com/support-us]

اپنا تبصرہ بھیجیں