کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)حالیہ دنوں ملکی سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جس کے باعث سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان سٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس سی ہنڈرڈ انڈیکس 1,432 پوائنٹس کی کمی سے 166,258 پوائنٹس پر بند ہوا۔ یکم فروری کو ہنڈرڈ انڈیکس 184,441 پوائنٹس پر تھا، یعنی محض چوبیس روز میں تقریباً دس فیصد کمی آ چکی ہے۔
سٹاک مارکیٹ مستقبل کی توقعات کا بارومیٹر ہوتی ہے، اور اس میں مسلسل مندی سرمایہ کاروں کے معاشی پالیسیوں پر عدم اعتماد کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس عدم اعتماد کی صورتحال بیرونی سرمایہ کاری پر بھی اثر انداز ہوئی ہے، جس میں گزشتہ سات ماہ کے دوران تقریباً 41 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
برآمدات بھی سست روی کا شکار ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ وقتی اور نمائشی اقدامات معیشت کو عارضی سہارا تو دے سکتے ہیں، مگر پائیدار استحکام فراہم نہیں کر سکتے۔


