55

شعبہ قرآن وسنہ کے زیراہتمام مقابلۂ حسنِ اذان و استقبالِ رمضان کا انعقاد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کے شعبہ قرآن و سنہ کے زیرِ اہتمام بدھ کےروزآڈیوویژول سینٹر جامعہ کراچی میں پروقار تقریب بعنوان مقابلۂ حسنِ اذان و استقبالِ رمضان منعقد کی گئی جس کی صدارت جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نےکی جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سےصاحبزادہ معظم علی قریشی نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس سے محفل کا ماحول روحانیت سے معطر ہوگیا۔ خطبہ استقبالیہ ڈاکٹر سید غضنفر احمد نے پیش کیا، جس میں رمضان المبارک کی فضیلت، تیاری اور روحانی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر ممتاز علماء کرام جن میں علامہ ڈاکٹررضوان نقشبندی،پروفیسر ڈاکٹر عبدالحئی مدنی، علامہ شفیق بستوی اور صاحبزادہ تسلیم رضا شامل تھے، نے رمضان المبارک کی عظمت، اذان کی روحانی تاثیر اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر بصیرت افروز خطابات کئے۔ مقررین نے شعبہ قرآن و سنہ کو اس بامقصد اور ایمان افروز پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اس نوعیت کی سرگرمیوں کے تسلسل پر زور دیا۔

رئیس کلیہ معارف اسلامیہ جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر زاہدعلی زاہدی نے پروگرام کا جامع خلاصہ پیش کرتے ہوئے اذان کے روحانی، معاشرتی اور تربیتی اثرات پر روشنی ڈالی۔

اپنے صدارتی خطاب میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے نہایت موثر انداز میں فرمایا کہ رمضان المبارک کو صرف ایک مہینے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کی برکات اور اسلامی تعلیمات کو پورے سال اپنی زندگیوں کا حصہ بنایا جائے اور ہر لمحہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبرداری میں بسر کیا جائے۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر زینت ہارون نے تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ایسی تقریبات وقت کی پابندی، نظم و ضبط اور صراطِ مستقیم پر گامزن رہنے کی عملی تربیت فراہم کرتی ہیں۔ بعد ازاں اجتماعی دعا ڈاکٹر مفتی عمران الحق کلیانوی نے کرائی۔

مقابلۂ حسنِ اذان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔تقریب کی نظامت کے فرائض عالمہ عائشہ نے انجام دیے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں